اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دستاویزات جمع کرانے کی ڈیڈ لائن جاری کردی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔اس موقع پر رکن خیبرپختونخوا اکرام اللہ نے کہا کہ ویسے آپ نے الیکشن کہاں کرایا؟ آپ نے پانچ سال میں الیکشن نہیں کرائے، نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
رکن بلوچستان نے استفسار کیا کہ کیا چمکنی میں پی ٹی آئی کے الیکشن ہوئے؟ جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ نہیں جناب! اسلام آباد میں بھی الیکشن ہوئے، ہم نے دستاویزات جمع کرانی تھیں، سات سے دس دن کا وقت دیں۔بنچ نے ای سی پی حکام سے پوچھا کہ اگر وہ اب بھی پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے تو مستقبل میں کیا ہو گا۔ جس پر ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے جواب دیا کہ پارٹی کا کوئی تنظیمی ڈھانچہ نہیں ہوگا۔
سماعت کے دوران بنچ نے ڈی جی پولیٹیکل فنانس کو اس نکتے پر معاونت کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ 6 ستمبر کو ای سی پی نے انٹرا پارٹی کیس میں پی ٹی آئی کی چاروں مختلف درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔
27 اگست کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سپریم کورٹ کی وضاحت تک کیس روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔