الیکشن کمیشن دھاندلی کا مرکز، جلد احتجاج کی کال دونگا، عمران خان

راولپنڈی(نیوزڈیسک) سابق وزیراعظم بانی پی ٹی آئی عمران خان کا صحافیوں سےغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صدر پاکستان نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، پارٹی جیتی ہوئی ہے مگر پھر بھی ہمیں مخصوص نشستیں نہیں دی جارہیں۔عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہوسکتی اور ان لوگوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے

ان کا کہنا تھا کہ ساری قوم کہہ رہی ہے کہ دھاندلی ہوئی ، 20 نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے، سارا ملک انتخابات میں ان کیخلاف کھڑا ہوا ، چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ ضرور بنتا ہے چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی، نگران حکومتیں بھی ہمارے خلاف لگائی گئی ، الیکشن کمیشن انتخابات کے بعد بھی دھاندلی میں مصروف ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:‌190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان ،اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والے خط کو ملک سے غداری قرار دیا جا رہا ہے حالاں کہ فیٹیف کی قانون سازی کی ان ہی لوگوں نے مخالفت کی تھی اور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ان کے کیسز ختم کیے جائیں۔خط سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا ہے کہ میں جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط میں نے ڈکٹیٹ کروایا ہے، خط ڈکٹیٹ کروانے کے بعد سے اب تک پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہیں ہوئی ۔

آج پارٹی رہنماؤں سے ملاقات ہوگی، پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آج آئی ایم ایف کو خط بھیج دیا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ خط میں یہی لکھا جائے گا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا، تمام معیشت دان یہ کہتے ہیں کہ وسائل پیدا کئے بغیر قرض پر ملک نہیں چل سکتا۔ الیکشن میں پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی پوری کوشش کی گئی، پارٹی کو ختم کرنےکیلئے نو مئی کی سازش کی گئی، ظلم سے پارٹی ختم نہیں ہوئی بلکہ وہ سب سے مضبوط جماعت بن گئی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ شریف خاندان کا جنازہ نکل چکا، ہفتے کے روز دوبارہ احتجاج کی کال دینے لگے ہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ فضل الرحمن کو ڈیزل اور اچکزئی کو غدار کہتے تھے آج اپنے فائدے کے لیے ان سے رابطے بڑھا رہے ہیں؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ ہم نون لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے خلاف ہیں جنہیں دھاندلی کر کے جتوایا گیا، ہم دھاندلی کر کے ہرائی جانے والی جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں ان کے ساتھ مل کر ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔صحافی نے سوال کیا کہ اگر محمود خان اچکزئی آپ کے ساتھ مل جائیں تو کیا پھر وہ غدار نہیں ہوں گے؟ تاہم عمران خان اس سوال کا جواب دیے بغیر چلے گئے۔