اہم خبریں

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ، تہران نے ڈیڈلائن ستمبرتک بڑھا دی

اسلام آباد(نیوزڈیسک) انتہائی زیادہ تاخیر کا شکار ایران پاکستان گیس لائن منصوبے پر اہم پیشرفت،ایران نےگیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کرنے کے حوالے سے پاکستان کیلئے 180؍ دن کی ڈیڈ لائن ستمبر 2024 تک بڑھا دی۔ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کے پاکستان کے دورے کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔جبکہ ایران نے پاکستانی حکام کو گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کرنے کیلئے ستمبر2024 تک ڈیڈ لائن دیدیا۔ حکام نے بتایا کہ اگر پاکستان نے مثبت جواب نہ دیا تو ایران نے عالمی ثالثی فورم میں پاکستان کیخلاف 18 ارب ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا عندیہ دیدیا۔ایرانی حکام نے پاکستان کو اپنی تکنیکی اور قانونی مہارت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کردی تاکہ دونوں فریقین کیلئے مشترکہ کامیابی کی حکمت عملی اختیار کی جا سکے اور معاملہ انٹرنیشنل آربریٹریشن میں لیجانے سے گریز کیا جا سکے، ساتھ ہی پاکستان کو ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے اثرات سے بھی بچایا جا سکے۔ایران کی تکنیکی اور قانونی مہارت فراہم کرنے والی ٹیم 21؍ تا 24؍ جنوری کیلئے دورے پر پاکستان آنے والی تھی تاکہ آئی پی گیس لائن پروجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے درمیانہ راستہ اختیار کیا جا سکے لیکن دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کی وجہ سے یہ ٹیم نہ آسکی۔حکام کے مطابق، عالمی قوانین کے ماہرین، لیگل فریم ورک اور گیس انجینئرز پر مشتمل ایرانی ٹیم فروری کے دوسرے ہفتے میں پاکستان آئے گی تاکہ دو طرفہ بات چیت ہو سکے، دونوں ممالک کی رابطہ کمیٹیاں اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے قابل عمل حکمت عملی تیار کریں گی۔ایران پاکستان گیس لائن پروجیکٹ 2014ء سے تاخیر کا شکار ہے۔ پاکستان کو تازہ ترین نوٹس 25؍ روز قبل موصول ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں