کراچی (اے بی این نیوز) ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی کرنسی نئی تاریخی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
تازہ اوپن مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق 25 اگست کو ایک امریکی ڈالر کی قیمت تقریباً20 لاکھ 54 ہزار ایرانی ریال تک پہنچ گئی، جو ایرانی کرنسی کی نئی ریکارڈ کم ترین سطح ہے۔ اس سے ایک روز قبل ڈالر تقریباً 20 لاکھ 27 ہزار ریال تک پہنچا تھا۔
رپورٹس کے مطابق مارچ کے آغاز میں ایک امریکی ڈالر تقریباً 15 لاکھ 30 ہزار ریال میں دستیاب تھا، جس کے مقابلے میں ایرانی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی ہوچکی ہے۔
ایرانی ریال کی مسلسل کم ہوتی قدر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے ایران پر اقتصادی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں اور مالی دباؤ کی مہم کا اعلان کرتے ہوئے اسے ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ قرار دیا ہے۔ امریکا نے ایران کے ساتھ مالی اور تجارتی روابط رکھنے والے ممالک اور اداروں کو بھی ممکنہ کارروائی سے خبردار کیا ہے۔
ایرانی معیشت پہلے ہی امریکی پابندیوں، بلند افراطِ زر، تیل کی برآمدات میں مشکلات، کمزور معاشی سرگرمی اور جاری جنگ کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ایرانی ریال کی قدر میں کمی سے درآمدی اشیا کی قیمتیں مزید بڑھنے اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں سرکاری اور اوپن مارکیٹ کے زرِ مبادلہ نرخوں میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ کا ریٹ عام صارفین اور کاروباری سرگرمیوں پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: آج بروزبدھ26 اگست :ستاروں کی روشنی میں ،اپنے،کیرئر،محبت ،شادی اور دن بارے جانئے














