لاہور(اے بی این نیوز) نئی گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑا اعلان کردیا گیا ، اب رجسٹریشن کے بغیر ڈیلیوری نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نئی خریدی جانے والی تمام گاڑیوں کی ڈیلیوری سے قبل رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ، نئے فیصلے کے تحت اب کوئی بھی نئی گاڑی سرکاری رجسٹریشن مکمل کیے بغیر شوروم سے خریدار کے حوالے نہیں کی جا سکے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر نئی پالیسی فوری طور پر نافذ کر دی گئی ہے، اس کے تحت تمام آٹو موبائل کمپنیوں، مجاز ڈیلرشپس اور موٹر برانچ حکام کو پابند بنایا گیا ہے کہ ہر نئی گاڑی کی رجسٹریشن ڈیلیوری سے پہلے مکمل کی جائے۔
حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ رکھنے والے خریداروں کو اب مکمل رجسٹرڈ گاڑی، سرکاری نمبر پلیٹ اور تمام قانونی دستاویزات کے ساتھ فراہم کی جائے گی، جس سے انہیں بعد میں ایکسائز دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس مقصد کے لیے مجاز ڈیلرشپس کو ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے تحت رجسٹریشن کا اختیار دیا جائے گا، گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو اپنی تمام مجاز ڈیلرشپس کی فہرست ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد انہیں ڈی وی آر ایس لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
ایکسائز حکام کا کہنا تھا کہ اس وقت پنجاب بھر میں 102 ڈیلرشپس ڈی وی آر ایس کے تحت رجسٹرڈ ہیں اور رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر رہی ہیں، جبکہ اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کی تیاری بھی جاری ہے تاکہ یہ نظام پورے صوبے میں نافذ کیا جا سکے۔
فی الحال ڈیلرشپس ہر گاڑی کی رجسٹریشن پر 2 ہزار روپے سروس فیس وصول کر رہی ہیں، تاہم اس فیس میں معمولی اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
حکومت کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل مزید شفاف ہوگا، ٹوکن ٹیکس، رجسٹریشن فیس اور دیگر سرکاری محصولات کی بروقت وصولی یقینی بنائی جا سکے گی، جبکہ خریداروں کو ایک ہی جگہ تمام قانونی کارروائی مکمل ہونے کی سہولت بھی میسر آئے گی۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ نئی پالیسی پر عمل درآمد نہ کرنے والی کمپنیوں اور ڈیلرشپس کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: آج بروز ہفتہ 18 جولائی ایرانی ریال کی تازہ ترین قیمت















