ڈی آئی خان(نیوزڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشتگرد ہلاک جبکہ 25 فوجی جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑے پیمانے پر مشکوک سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس پر سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کی جن میں کل 27 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ۔دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر جنرل ایریا درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے 17 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔اسی طرح جنرل ایریا کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن کیا گیا جس میں دہشتگردوں کا ٹھکانہ تباہ کیا گیا اور چار دہشتگرد مارے گئے تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔اسی طرح بارہ دسمبر کو ہی 6دہشتگردوں کے ایک گروپ نے عام علاقے درابن میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا تاہم فوجی جوانوں نے چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو موٴثر طریقے سے ناکام بنا دیا ۔دہشت گردوں کو بارود سے بھری گاڑی چوکی میں گھسنے پر روکنے پر دہشتگردوں نے گاڑی اڑا دی۔ خودکش حملے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں عمارت گر گئی، جس سے متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے دوران مقابلہ کرتے ہوئے 23 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 6دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولا بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔















