لاہور (نیوز ڈیسک) وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ گورنر کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اس لیے آرڈر واپس لیا، آج آئین اور قانون کی فتح ہوئی ہے، قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، گورنر نے مان لیا کہ ان کا آرڈر غیر قانونی اور غیر آئینی تھا، چیف سیکریٹری کے وزیرِاعلیٰ اور کابینہ کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن کو کالعدم کردیا ہے۔۔آج لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ، عدالت نے پہلے دن ہی وزیرِ اعلیٰ اور کابینہ کو بحال کر دیا تھا، گورنر صاحب کا آرڈر غیر آئینی تھا، پرویز الہٰی اور ان کی کابینہ اسی طرح آگئی ہے جیسے پہلے تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی توڑنا ایک سیاسی فیصلہ ہے، میں اس پر کمنٹ نہیں کر سکتا، اسمبلی نہ توڑنے کی انڈر ٹیکنگ اس کیس کی حد تک ہے، اسمبلی توڑنا وزیرِ اعلیٰ کا آئینی استحقاق ہے۔واضح رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانےکا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔















