کراچی ( نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمان نے ایم کیو ایم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ دیکھتے ہیں کون روکتا ہے، یہ دھمکیاں پہلے بھی سنی ہیں ، تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کوتعینات ہوناچاہیے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایم کیوایم ہر حکومت میں شامل رہی ہے،اس شہر میں قبضہ مافیاووٹوں پر ٹھپےلگاتاہے۔ ہم اس شہر کی تاریخ سے آگاہ ہیں، کل آرمی چیف اور کورکمانڈر کو خط لکھا ہے ، ایم کیوایم کراچی کے لیے کچھ کرنے کے بجائے الٹا سازشیں کرنے میں مصروف رہی ہے ، ہم رینجرز کو اختیارات اور پولیس میں اصلاحات کی بات عوام کے لیے کرتے ہیں اورچاہتے ہیں سب کو برابری کا موقع ملے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ کل کے احتجاج میں کہا گیا کہ ”ہم نے الیکشن نہیں لڑا تو پھر کوئی نہیں لڑے گا“، الیکشن کمیشن، حکومت اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات نوٹس لیں۔ یہاں جمہوری طریقہ کار کو روکا جارہا ہے۔ رسی جل گئی ہپر بل نہ گئے ، یہ متحد ہونے والے کراچی کو پھر پہلے جیسا بنانے جارہے ہیں، حقیقی مجازی آڑی ٹیڑھی پارٹیاں بنا کر پہلے دوسروں کو اور پھر مہاجر نوجوانوں کو ایک دوسرے سے مروایاجا رہاہے۔حافظ نعیم الرحمان نے ایم کیو ایم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ دیکھتے ہیں کون روکتا ہے، یہ دھمکیاں پہلے بھی سنی ہیں۔2010 میں بھی کہا گیا بیٹھ جاؤ یا لیٹ جاؤ لیکن ہم نے مقابلہ کیا۔ اب کیا پدی کیا پدی کا شوربہ ۔۔ یہ دھمکیاں دیں گے ، ان کی اوقات کیا ہے، انہوں نے مہاجروں کے نام پر مہاجروں کو برباد کیا، اقدار تباہ کیں۔ وڈیروں کی گود میں بیٹھ کر کراچی کا مینڈیٹ بیچنے والے آج دھمکیاں دے رہے ہیں اور رجیم چینج کے وقت سودے بازی کرتے رہے۔















