اہم خبریں

عافیہ صدیقی سے متعلق بیانات سنجیدہ نوعیت کے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (نیوزڈیسک) دفتر خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستوں پر مشتمل ہے اور پاکستان القدس شریف بطور دارالحکومت فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔غزہ میں صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے، غزہ میں کوئی بھی جگہ عوام کے لیے محفوظ نہیں ہے، پاکستان غزہ میں مسلسل اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔جموں و کشمیر بین الاقوامی تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، پاکستان نے کبھی مقبوضہ کشمیر پربھارتی قبضہ تسلیم نہیں کیا۔ پاکستان نے امریکا کے ساتھ بات چیت کا عزم کر رکھا ہے اور رواں ہفتے اعلیٰ امریکی عہدیدار پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، یہ دورے پاک امریکا تعلقات کی کثیرالجہتوں سے متعلق ہیں، ان دوروں کا محور صرف افغانستان نہیں ہے۔جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں شہریوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، یو این سیکرٹری جنرل کی اس صورتحال کو ختم کرنے کی آواز کے ساتھ ہیں، ہم اسرائیل کے پشت پناہوں کو بھی کہتے ہیں کہ اسرائیل کو تشدد روکنے اور قیام امن کے لیے راضی کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ و غیر قانونی اقدامات سے کشمیر کا ڈھانچہ تبدیل کرنے کی کوشش کی، یہ اقدامات انسانی قوانین اور جینوا کنونشنز کی سرعام خلاف ورزی ہیں، مسئلہ کشمیرکے پرامن، کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل تک کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔افغان وزیر داخلہ سمیت بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی پاسپورٹ کے استعمال سے متعلق سوال پر ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا افغان وزیرکے پاکستانی پاسپورٹ کے استعمال پر رپورٹ دیکھی ہے، اس معاملے پر حقائق کے بعد جواب دیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہمیں امریکی حکام سے افغان شہریوں کی امریکا منتقلی سے متعلق اپ ڈیٹ لسٹ ملی ہے، انٹیلی جنس سے متعلقہ معلومات انٹیلی جنس چینلز کے ذریعے ہی دی جاتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان اور امریکی حکام کی ملاقاتوں میں دونوں اطراف کے تحفظات پربات کی گئی، ہم بھی ان امور پر بات کریں گے جن پر ہمیں اعتراضات ہیں۔ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق بیانات سنجیدہ نوعیت کے ہیں، وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ معاملہ امریکی محکمہ خارجہ سے اٹھا کر تحقیقات کرائی جائیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی خیریت ہماری اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ خبریں