اہم خبریں

غریب خواتین کو نقدمالی معاونت کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنانا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اہم کامیابی ہے، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ / وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ غریب خواتین کو نقدمالی معاونت کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنانا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کی اہم کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ترک جمہوریہ شمالی سائپرس (ٹی آر این سی )کی سفیر دلشاد سینول کے ساتھ ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی کے مختلف اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے مہمان سفیر کو بتایا کہ بی آئی ایس پی نے حال ہی میں بینظیر کفالت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ خواتین کے لیے سال 2023 کی پہلی سہ ماہی قسط کے 55 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے لیے تقریباً 13 ارب روپے کی اضافی رقم بھی الگ سے جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینظیر نشوونما پروگرام کو ملک بھر کے 118 اضلاع تک توسیع دی گئی ہے اور اب تک 169 سہولتی مراکز کو فعال کیا جا چکا ہے۔وزیر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ بی آئی ایس پی مستحقین کی شکایت کے ازالے کے لیے بی آئی ایس پی ہیڈ آفس میں کال سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحق خواتین کی آگاہی کے لیے ہدایات پر مبنی ویڈیوز بھی باقاعدگی سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی جاتی ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیلاب سے متاثر ہ 28 لاکھ افراد میں 70 ارب روپے پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔وزیر مملکت نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے بہت سے لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا ہے۔ اس لیےبی آئی ایس پی نے ڈائنامک سروے کا آغاز کیا ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایسے لوگوں کو بینظیر کفالت پروگرام میں شامل کیا جاسکے۔مہمان سفیر نے کہا کہ سیلاب نے حکومت پاکستان پر متاثرہ لوگوں کو امداد کی فراہمی کے لیے غیر معمولی بوجھ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا موسمیاتی تبدیلیوں اور آب و ہوا سے متعلق آفات سے دوچار ہے اور ہر ملک کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے تاہم دنیا ابھی تک اس کے لیے تیار نہیں ہے۔انہوں نے ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے پر حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دس ہزار سے زائد پاکستانی سائپرس میں مقیم ہیں اور ہمیں امید ہے کہ بہت جلدہمارے ہاں بھی کرکٹ کا کھیل متعارف کرایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں