اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا بڑا کرپشن سکینڈل،اعلیٰ افسران کا منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف،ایف بی آر نے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا، کرپشن چھپانے اور فارن ایکسچینج ریگولیشن کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات ،23 اہم اکاؤنس منجمد کردیئے گئے، 8 ہزار 845 ملین روپے کی نادہندہ ہونے کے ساتھ ساتھ سرکاری فنڈز میں بڑے پیمانے میں خردبرد کا الزام لگایا گیا ہے ۔اس حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے )کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس منجمد ہونے سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر نہیں ہوگا،متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں ،اکاؤنٹس جلد بحال ہو جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں کے اعلیٰ افسران کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے ایف بی آر نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کےلیے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق مراسلے میں سنگین مالی بےقاعدگیوں میں پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر اور جنرل منیجر اکاؤنٹنگ کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے ، مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی آئی اے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 8 ہزار 845 ملین روپے کی نادہندہ ہے اس کے علاوہ سرکاری فنڈز میں بڑے پیمانے میں خوردبرد کا انکشاف کیا گیا ہے ،ایف بی آر نے ابتدائی تحقیقات کیلئے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی عدم ادائیگی پر مختلف بینکوں میں موجود پی آئی اے کے 23 اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے ہیں۔















