اسلام آباد (اے بی این نیوز)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا چوتھا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا،نگران وزیرِ اعظم کی صدارت اور عبوری حکومت میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس تھا،اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف، عبوری کابینہ، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی، صوبائی وزراءاور اعلی حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں کابینہ کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے بعد اس قلیل مدت میں جاری منصوبوں اور مکمل شدہ اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اپیکس کمیٹی نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بین الاقوامی سطح پر تعاون کی کوششوں کو سراہا، کمیٹی نے برادرانہ ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اعلی سطحی وفود جن میں سعودی عرب اور اسلامی تنظیم برائے غذائی تحفظ شامل ہیں، کے دوروں کو بھی سراہا،اپیکس کمیٹی نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ملکی معیشت کی بحالی کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی،اپیکس کمیٹی نے زراعت/لائیو اسٹاک، کان کنی/معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے گزشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی توسیع کی،وزیرِ اعظم نےخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کیلئے تیار موزوں ماحول سےبھرپور فائدہ اٹھانے اور تعین شدہ منصوبوں کی تکمیل کی ہدایت کی،چیف آف آرمی اسٹاف نے ملکی معیشت کی بحالی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے پالیسیوں کے تسلسل میں نگران حکومت کے ساتھ پاک فوج کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔















