اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان میں پولیو پروگرام کو ایک جدید ترین لیبارٹری فراہم کر دی گئی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو پولیو لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر کرس الیاس، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں پولیو پروگرام کو ایک جدید ترین لیبارٹری کی مدد حاصل ہوئی ہے۔ لیبارٹری میں جدید آلات اور بہترین، تربیت یافتہ عملہ موجود ہے اور لیبارٹری پاکستان ،افغانستان اور یمن میں پولیو وائرس کی نگرانی میں مددگار ہے۔ پاکستان پولیو لیبارٹری 1994 میں قومی ادارہ صحت میں قائم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ لیبارٹری پولیو پروگرام کو مؤثر اقدامات کی منصوبہ بندی میں مدد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے گیٹس فاؤنڈیشن سمیت تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیبارٹری وائرس کی جلد شناخت کرے گی ۔ اس سلسلے میں پولیو اوور سائیٹ بورڈ کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کا سنگ میل حاصل کریں گے ۔















