اسلام آباد(اے بی این نیوز )وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان میں شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری امور کشمیر، چیف سیکرٹری جی بی، آئی جی موٹر ویز، آئی جی جی بی، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مواصلات کے علاوہ دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ داسو تا ہنزہ اور جگلوٹ تا سکردو ہائی وے پر موٹر وے پولیس کی تعیناتی کو جلدازجلد حتمی شکل دی جائے،گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے انتہائی اہم علاقہ ہےجسے سفر سمیت ہر لحاظ سے محفوظ بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔چیف سیکرٹری نے بتایا کہ مشیرامور کشمیر کی ہدایات کے مطابق گلگت بلتستان حکومت اور موٹر وے حکام نے مشترکہ سروے مکمل کر لیا ہے۔سروے میں ٹریفک کے حوالے سے 140 خطرناک پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حساس مقامات پر حفاظتی دیواروں کو مزید مضبوط اور واضح سائن بورڈز آویزاں کیے جائیں،این ایچ اے حکام فوری طور پر گلگت بلتستان حکومت سے رابطہ کر کے پیش رفت کو ممکن بنائیں۔اجلاس میں موٹر وے پولیس کی تعیناتی کے حوالے سے سٹاف، انفراسٹرکچر اور مالیاتی امور پر بھی تفصیلی غور کیاگیا۔نفری اور انفراسٹرکچر کی دستیابی کے حوالے سے گلگت بلتستان حکومت موٹر وے پولیس سے تعاون کرے گی۔قمر زمان کائرہ نےکہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت ہے کہ گلگت بلتستان میں سفر کو محفوظ بنانے کے اقدامات اٹھائے جائیں،موٹر وے پولیس کی تعیناتی کے لیے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔















