پشاور(اے بی این نیوز )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ایکنک کے اجلاس میں شانگلہ ایکسپریس وے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں خوشی اور معاشی انقلاب برپا ہوگا۔ جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کے اجلاس میں شانگلہ ایکسپریس وے کا منصوبہ پیش کیا گیا اور طویل بحث کے بعد اس کی منظوری دی گئی، منصوبے کی لاگت 80 ارب روپے ہے، اس کی لمبائی 48 کلومیٹر ہے جس میں 14 پل اور5 ٹنل بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں خوشی اور معاشی انقلاب ، ٹوورازم کو فروغ ملے گا اور یہ سی پیک کا متبادل کم فاصلے والا متبادل روٹ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ،اس کے علاوہ چیئرمین این ایچ اے کی خصوصی دلچسپی کا بھی مشکور ہوں، انشاءاللہ منصوبے پر بہت جلد باقاعدہ کام شروع ہوجائے گا۔















