اسلام آباد( اے بی این نیوز ) وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کےدرمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پاگیا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ مان لیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک، چین، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی جب کہ رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا۔وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر اور یو اے ای سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالرکی فنانسنگ اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالرکی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر قرض معاہدے کے تحت حاصل کیے جائیں گے ۔