سوات (اے بی این نیوز)بلاول بھٹو زرداری نےعوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف اور حکومتی معاشی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔پی پی چیئرمین نے وزیراعظم کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے رقم جاری نہ کی گئی تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دے گی۔وزیراعظم شہبازشریف اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افرادکو معاف نہیں کریں گے،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیسہ نہیں ملا تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم پر دوہرے معیار کا الزام لگادیا اور کہاکہ وزیراعظم نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا، ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، انہوں نے خود سیلاب کی تباہی دیکھی، وہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں، ہم عوام کا خیال رکھتے ہیں جبکہ دوسری جماعتیں مخصوص افراد کا خیال رکھتی ہیں۔بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی الیکشن کیلئے تیار ہے، اتحادیوں سے بھی کہیں گے کہ تیاری پکڑیں، جس طرح میئرکراچی کا الیکشن جیتے ہیں اسی طرح پورے ملک میں جیت کردکھائیں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھاکہ چار سال وفاق میں چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت مسلط تھی، اس دور میں جو لوگ گالی دیتے تھے وہ لوگ وزیر بن جاتے تھے، سوات کے عوام دہشت گردوں سے بہادری کے ساتھ مقابلہ کررہے تھے، جب ہم نے حکومت سنبھالی ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم ان دہشت گردوں سے مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جو سلیکٹڈ ہم پر مسلط کیا گیا تھا اس نے دہشت گردوں کو واپس یہاں آباد کرایا، ہم ہر دہشت گرد سے مقابلہ کریں گے۔9 مئی کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے واقعات میں جو ملوث تھے ان کو پیغام ہے ہم آپ کو معاف نہیں کریں گے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا، ہمارے جیالوں نے اپنے آپ کو جلا دیا، 19 سال کی عمر میں میں نے کہا تھا کہ جمہوریت ہمارا انتقام ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ سنگین جرائم میں ملوث ہیں ان کو ہمارے حوالے کرنا پڑے گا، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہمیں آپریشن کرنا پڑے، اس مطالبے میں پی پی کی سوچ اور سوات کے عوام کی سوچ ایک ہی ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ ایک طرف دہشت گردی کا مسئلہ پہلے سے تھا مگر سیاسی دہشت گردی کو بھی روکنا پڑے گا، سیاسی دہشت گردی کا جواب سختی سے دینا پڑے گا۔















