اہم خبریں

الیکشن فنڈز کا اجرا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سماعت جاری

اسلام آباد(نیوزڈیسک) پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز فراہمی معاملے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سماعت جاری ہے۔سماعت سے قبل اٹارنی جنرل کی وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقات ہوئی جبکہ وزیر اعظم نے بھی اٹارنی جنرل کو مشاورت کے لیے طلب کیا تھا۔اسپیشل سیکرٹری خزانہ اویس منظور سمرا، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ امر محمود اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ تنویر بٹ سماعت میں موجود ہیں۔قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک عنایت حسین چوہدری، ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک قدیر بخش اور پروٹوکول آفیسر اسٹیٹ بینک محسن افضال بھی سماعت میں موجود ہیں۔سیکرٹری الیکشن کمیشن، ایڈیشن سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ڈی جی لاء الیکشن کمیشن بھی سماعت میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے گورنر اسٹیٹ بینک، وزارت خزانہ اور الیکشن کمیشن حکام کو ذاتی حیثیت پر طلب کر رکھا تھا۔ سپریم کورٹ نے 12 اپریل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کی رپورٹ پر نوٹسز جاری کر دیا تھا۔عدالت نے پنجاب میں انتخابات کے لیے حکومت کو 21 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ 4 اپریل کے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو 11 اپریل تک فنڈز سے متعلق عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا۔الیکشن کمیشن نے 11 اپریل کو رپورٹ میں بتایا کہ وفاقی حکومت نے انتخابات کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے۔ الیکشن کمیشن حکام کو آج عدالت نے پنجاب اور کے پی انتخابات سے متعلق تمام تفصیلات اور ریکارڈ ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ خبریں