اہم خبریں

موثر قانون سازی کے لیے نوجوانوں کی قانون نویسی میں تربیت اور استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے،اسپیکر راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد(اے بی این نیوز     )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موثر قانون سازی کے لیے دانشوروں اور ماہرین کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کی اولین ذمہ داری ہے جس کی انجام دہی کے لیے قوانین کے مسودوں کی تیاری کے مرحلے میں تحقیقی اور تکنیکی معاونت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا قومی اسمبلی وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون سازی کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قائم تدوین کے زیر انتظام Legislative Drafting میں ملک بھر سے ٹریننگ حاصل کرنے والے انٹرن وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تدوین کے زیر اہتمام جاری پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ دانشوروں، ماہرین قانون نویسی اور پارلیمنٹ کے درمیان تعاون عوامی فلاح و بہبود کے لیے موٹر قانون سازی کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے تدوین کے زیر اہتمام انٹرن وکلاء کی قانون سازی اور ڈرافٹنگ میں لگن کو سراہا۔انہوں نے کہا ڈرافٹنگ میں مہارت حاصل کر کہ وہ ایک اعلیٰ وکیل اور جج بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہ پارلیمنٹ وہ ادارہ ہے جہاں پر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں ماہرانہ رائے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے تدوین کے زیر اہتمام ڈرافٹنگ میں ٹریننگ حاصل کرنے والے وکلاء کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

متعلقہ خبریں