اسلام آباد(اے بی این نیوز ) میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم اور امت ِمسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالی کی رحمت اور مہربانی سے ہم ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کی باسعادت گھڑیوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔ یہ مبارک لمحات جہاں ایک مسلمان کیلئے روحانی اوراخلاقی ترقی کا سامان پیدا کرتے ہیں وہیں امت کے مابین ہمدردی، اخوت، بھائی چارے، اور تعاون کا پیغام لے کر بھی آتے ہیں۔ یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ترقی اور اصلاح کا ماحول پیدا کر کے اپنی زندگیوں کو از سر نو بہتر انداز میں شروع کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہم پر روزے اْسی طرح فرض کیے ہیں جس طرح ہم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے اور اس کا مقصد انسان کو متقی بنانا ہے۔ روزے کے ذریعہ سے آدمی کے اندر صبر و استقامت کی قوت پیدا ہوتی ہے۔ رمضان المبارک انسان کے اندر استقلال واستقامت کی طاقت پیدا کرنے، عبادت کرنے اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق ایک محتاط انداز میں زندگی گزارنے کی تربیت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ گویا اس مشق کے ذریعے پوری زندگی کو نظم وضبط اور احکامات الٰہیہ کا پابند بنانے کا درس دیا جاتا ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ ملک پاکستان اس وقت سخت ترین معاشی پریشانی سے دوچار ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم امسال رمضان المبارک کے مہینے میں اپنے اندر معاشرے کے کمزور، محتاج اور ضرورت مند طبقے کا احساس پیدا کریں۔ یہ طبقہ سارا سال سنگین معاشی حالات میں کرب، آزمائش اور امتحان سے گذرتا ہے۔ ہمیں ہم اپنی استطاعت سے بڑھ کر ، اس رمضان میں بالخصوص اور پورا سال بالعموم، اس طبقے کا پرسان ِحال بننے اور مشکل وقت میں ان کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔ یقینا، ًاس نیک عمل کے ذریعے ہم رمضان کے مقاصد اور اس کے ثواب کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔ اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں اور فضیلتوں سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور ملک پاکستان کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین!















