اہم خبریں

ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے شجرکاری سب سے موثرذریعہ ہے، وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے گہرے اثرات پاکستان پر مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں، موسم برسات، گرمی میں اضافہ، غیر متوقع سیلاب، سردی و بہارکے موسموں میں تغیر ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے، ان خطرناک اثرات سے بچنے کیلئے شجر کاری سب سے مؤثر ذریعہ ہے، اپنے لئے ،اپنے ملک اور آنے والی نسلوں کو بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔انہوں نے یہ بات بدھ کو اسلام آباد کے فاطمہ جناح پارک ( ایف نائن) میں وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے شجر کاری مہم کے آغاز پر گریپ فروٹ کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیات ناز بلوچ، چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف حارث محمود چوہدری، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے بھی پودا لگایا۔ اس موقع پر گفتگو میں سید امین الحق کا کہنا تھا کہ شجر کاری کو فرض عین سمجھتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا لازمی جزو بنائیں، یہ صدقہ جاریہ ہے، جب تک درخت کے پھل، پھول سے انسان، چرند پرند فائدہ اٹھائیں گے ثواب لگانے والے کو ملتا رہے گا۔درخت ہوا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ہٹا کر درختوں اور مٹی میں کاربن کو ذخیرہ کرتے ہیں، یہ علامتی مہم لوگوں کو پودا لگانے کی جانب راغب کرنے، اپنے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہے، خواہش ہے کہ ہرطالب علم کو سرٹیفکیٹ اور ڈگری کے نتائج خاص تعداد میں پودے لگانے سے مشروط ہو، شجر کاری کے فوائد سے طلبہ و طالبات کو مسلسل آگاہی دینے کی بھی اشد ضرورت ہے۔پارلیمانی سیکرٹری ناز بلوچ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شجر کاری مہم ایک احسن اقدام ہے تمام اداروں اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہیئیں تاکہ ماحول کو بہتر اور سرسبز بنایا جاسکے۔چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف حارث چوہدری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم نہ صرف سینکڑوں کی تعداد میں پودے لگارہے ہیں بلکہ ان کے درخت بننے تک ان کی آبیاری کی ذمہ داری بھی ہم نے اٹھائی ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی کی ہدایت پرشروع کی گئی اس مہم کا مقصد لوگوں میں شعور بیدار کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں