اہم خبریں

بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد اور قربانیاں ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے،بلاول بھٹو زرداری

کراچی(اے بی این نیوز    )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر جمہوریت نے آئین اور جمہوریت کی خاطر سفاک آمروں کی مذاحمت کی، بے پناہ مشکلات اور المناک صدمات برداشت کئے مگر جمہوریت اور پاکستان پیپلزپارٹی کا پرچم سرنگوں ہونے نہیں دیا،مادرجمہوریت بیگم نصرت بھٹو بے مثال صبر، جراَت اور مفاہمت کا استعارہ ہیں، ان کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی تاریخ نامکمل ہوگی۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، بیگم نصرت بھٹو کے 94 ویں یوم ولادت پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیگم نصرت بھٹو بہادر و مدبر خاتون اور پروقار شخصیت کی مالک تھیں۔ وہ ہر قسم کے حالات میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کے عدالتی قتل کے بعد جس طرح اپنے ذاتی غم و مصائب کو بھول کر قوم کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے آمریت کے خلاف جدوجہد کی، تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد اور قربانیاںہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو ہر جیالے اور پاکستان کی عوام کی دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

متعلقہ خبریں