تھرپارکر(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہبازشریف کے وزیراعظم بننے کے بعد وفاق سندھ سے تعاون کر رہا ہے، ہمارا نعرہ تھر بدلے گا پاکستان حقیقت میں تبدیل ہوتا جارہا ہے، لوگ تنقید کرتےہیں لیکن تنقید کا جواب یہ تھرکول منصوبہ ہے، ملکر کام کرنے سے میرا یا آپ کا نہیں ملک کا نام ہوتا ہے۔ تھرپارکر شنگھائی الیکٹرک منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خوشی ہے وزیر اعظم تھر میں موجود ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کام کر رہی ہے تھر کول بورڈ کا ہیڈ وزیراعلیٰ سندھ اور وائس ہیڈ وفاقی وزیر ہے، پچھلے چار سال سے تھرکول پر محنت کررہے تھے وفاق اور صوبائی حکومت ملکر کام کررہی ہےتو واضح فرق محسوس ہورہا ہے، تھر کول سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، چند سالوں میں تھرپارکر کی شکل تبدیل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور روزگار میں بہتری آئی ہے، روزگار کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں، پاور جنریشن میں کام کرنے والے مختلف علاقوں سے آئے ہیں، تھرکول کی وجہ سے پورے پاکستان سے لوگ تھرپارکر آکر کام کررہے ہیں، ماضی میں تھرپارکر سے لوگ دوسری جگہ کام کرنے جاتے تھے لیکن لوگ اب تھرپارکر آکر کام کر رہےہیں۔















