اہم خبریں

حکومت پاکستان تعمیرات اور ہاوسنگ کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے،افتخار علی شلوانی

اسلام آباد( اے بی این نیوز    ) وفاقی سیکرٹری وزارت ہاوسنگ اینڈورکس افتخار علی شلوانی نے چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئر نگ کارپوریشن لمیٹڈ (سی ایس سی ای سی) کے سی ای او چانگ چون ن ملاقات کی جس کے دوران پاکستان کے کم آمدن شہریوں کے لیے سستے مکانات کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں کچی آبادیوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں ستمبر 2021 میں سی ایس سی ای سی اور وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے درمیان پہلے ہی مفاہمت کی ایک یادداشت ، ایم او یو پر دستخط ہو چکے ہیں۔ مذکورہ ایم او یو ایک سال تک موثر رہا۔ چانگ چون نے ایم او یو کی تجدید اور تعمیراتی شعبے اور ہاوسنگ کو سی پیک کے دائرہ کار میں شامل کرنے کی درخواست کی۔ افتخار علی شلوانی نے کہا کہ حکومت پاکستان تعمیرات اور ہاوسنگ کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے تاکہ ایسے میگا پراجیکٹس شروع کیے جائیں جن سے ملک میں روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے اور ان کے نتیجہ میں پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ سیکرٹری ہاوسنگ نے ہاوسنگ اور شہری۔دیہی ترقی کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔ دونوں اطراف نے پاکستان میں محفوظ، مہذب اور سستی عمودی ہاوسنگ منصوبوں کے ذریعے شہری تعمیر نو اور کچی آبادیوں کی اپ گریڈیشن کے لیے نئے ایم او یو پر کام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔اجلاس میں وزارت قانون، اقتصادی امور ڈویژن، وزارت مواصلات اور وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں