اسلام آباد(اے بی این نیوز) پاکستان آرمی کے دستوں کی سعودی عرب روانگی کے سلسلے میں ایک الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف مہمان خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی بھی تقریب میں شریک ہوئے، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے دستے طے شدہ دفاعی تعاون کے تحت سعودی عرب میں ذمہ داریاں انجام دیں گے، فوجی دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا گیا، آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ پر قائم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی دستے سعودی سرزمین پر طے شدہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ تقریب دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات، اعتماد اور دفاعی تعاون کی عکاس قرار دی گئی۔
مزیدپڑھیں: فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی سے باہر















