ممبئی( اے بی این نیوز) بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے بم کی دھمکیوں کے باوجود اپنا کنسرٹ منسوخ کرنے سے انکار کرتے ہوئے شاندار پرفارمنس دی۔ مہالکشمی ریس کورس میں ہونے والے کنسرٹ میں ہزاروں مداح شریک ہوئے۔
دلجیت دوسانجھ نے اسٹیج سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کے مداح خوفزدہ نہیں ہوئے تو وہ بھی نہیں ڈر سکتے۔ انہوں نے سیکیورٹی خدشات کے باوجود کنسرٹ میں شرکت کرنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور نفرت کے جواب میں محبت کا پیغام دیا۔
گلوکار نے ماضی اور حال میں اپنے گانوں پر عائد پابندیوں کا ذکر بھی کیا اور پابندی کا سامنا کرنے والے گانے پیش کیے۔ انہوں نے اپنی موسیقی کو اپنی دیہی مٹی سے جوڑتے ہوئے معروف شاعر راحت اندوری کا شعر بھی پڑھا۔
کنسرٹ کے دوران ممبئی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پنڈال میں 500 سے زائد پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات رہا، جبکہ داخلے کے لیے سخت چیکنگ کی گئی۔
دلجیت دوسانجھ نے سیکیورٹی انتظامات پر ممبئی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور باہر چیکنگ کے باعث انتظار کرنے والے مداحوں کی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔
کنسرٹ میں اداکارہ ثانیہ ملہوترا نے سرپرائز پرفارمنس دی، جبکہ کرشمہ کپور اور دیشا پٹانی سمیت دیگر شوبز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ شو کے اختتام پر ’’میں ہوں پنجاب‘‘ کا نعرہ لگایا گیا اور شاندار آتش بازی بھی کی گئی۔
مزید پڑھیں:مولانا فضل الرحمان سے اظہار یکجہتی، بلاول بھٹو کا اہم بیان سامنے آگیا















