اہم خبریں

یکم دسمبر سے اسکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا اعلان

اسلام آباد کے اسکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں یکم دسمبر 2026 سے موسم سرما کا نیا شیڈول نافذ ہوگا۔ نئے اوقاتِ کار پر 29 جنوری 2027 تک عمل درآمد کیا جائے گا۔

وفاقی نظامتِ تعلیم (فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اور ڈبل شفٹ میں چلنے والے تعلیمی اداروں کے لیے الگ الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں تاکہ سرد موسم کے دوران طلبہ اور اساتذہ کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ والے سرکاری اسکول پیر سے جمعرات تک صبح 8 بج کر 30 منٹ پر کھلیں گے اور دوپہر 2 بجے چھٹی ہوگی۔ جمعہ کے روز تعلیمی سرگرمیاں صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک جاری رہیں گی۔

ڈبل شفٹ میں چلنے والے اسکولوں کی صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات تک صبح 8 بج کر 15 منٹ سے دوپہر 1 بج کر 15 منٹ تک ہوگی، جبکہ جمعہ کے روز صبح کی شفٹ کی چھٹی دوپہر 12 بج کر 15 منٹ پر ہوگی۔

اسی طرح شام کی شفٹ پیر سے جمعرات تک دوپہر 1 بج کر 15 منٹ سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ جمعہ کے روز شام کی شفٹ دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگی اور شام 6 بجے ختم ہوگی۔

وفاقی نظامتِ تعلیم نے نوٹیفکیشن میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن (ابتدائی بچپن کی تعلیم) کی کلاسز اور ڈگری کالجوں کے لیے بھی الگ اوقاتِ کار مقرر کیے ہیں۔

تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم دسمبر 2026 سے 29 جنوری 2027 تک موسم سرما کے نظرثانی شدہ شیڈول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

متعلقہ خبریں