اسلام آباد ( اے بی این نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی، انگلینڈ کے ہیری بروک بیٹرز میں پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک ٹیسٹ بولرز میں سرفہرست ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ٹیمبا باووما ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے شبھمن گل تین درجے بہتری کے بعد ساتویں اور یشسوی جیسوال پانچ درجے ترقی کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئے۔
پاکستان کے سعود شکیل دو درجے تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر چلے گئے، جبکہ بابر اعظم بھی دو درجے تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ریان ریکلٹن 10 درجے ترقی کے بعد 15ویں جبکہ نیوزی لینڈ کے گلین فلپس 13 درجے بہتری کے بعد 17ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے نوجوان بیٹر اذان اویس 22 درجے ترقی کے بعد 78ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ بھارت کے جسپریت بمرا تین درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے محمد عباس دو درجے بہتری کے بعد 12ویں نمبر پر آگئے، جبکہ عامر جمال 23 درجے ترقی کے بعد 64ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے ثاقب خان نے ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں 68ویں نمبر سے اپنا سفر شروع کیا ہے۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

مزید پڑھیں:بانی پی ٹی آئی سے فالو اپ ملاقات کی اجازت، بڑا عدالتی حکم جاری















