اہم خبریں

وائیبھو سوریاونشی کا ناقابل یقین کارنامہ، بڑے عالمی ریکارڈ توڑ دیے

وائیبھو سوریاونشی کا ناقابل یقین کارنامہ، بڑے عالمی ریکارڈ توڑ دیے

نئی دہلی( اے بی این نیوز) بھارت کے نوجوان جارح مزاج بلے باز وائیبھو سوریاونشی نے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری اور ڈبل سنچری سمیت کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

ایمرجنگ ایشیا کپ 2026 میں متحدہ عرب امارات کے خلاف بھارت اے کی نمائندگی کرتے ہوئے وائیبھو سوریاونشی نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ انہوں نے ایک ہی اننگز میں 28 چھکے اور 7 چوکے لگائے اور لسٹ اے کرکٹ کے چار عالمی ریکارڈ توڑ دیے۔

وائیبھو سوریاونشی نے صرف 28 گیندوں پر سنچری مکمل کرکے لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے جیک فریزر مک گرک کا 29 گیندوں پر سنچری بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بھارتی بلے باز نے صرف 40 گیندوں پر 150 رنز مکمل کیے اور نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ سوریاونشی نے اپنی ہی 59 گیندوں پر 150 رنز بنانے کی سابقہ عالمی ریکارڈ ساز اننگز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

وائیبھو سوریاونشی نے صرف 52 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کرکے لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے چاڈ بوز نے 103 گیندوں پر ڈبل سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

نوجوان بھارتی بلے باز نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے اننگز کے دوران 28 چھکے لگائے جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈارسی شارٹ کے پاس تھا، جنہوں نے ایک اننگز میں 23 چھکے لگائے تھے۔

میچ میں متحدہ عرب امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 249 رنز بنائے اور بھارت اے کو 250 رنز کا ہدف دیا، جسے بھارتی ٹیم نے صرف 15ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
مزید پڑھیں‌:سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وان لِنڈے کی وزیرِ مملکت / معاونِ خصوصی برائے وزیراعظم فہد ہارون سے ملاقات

متعلقہ خبریں