ملک میں سونے کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سونا اور چاندی دونوں صارفین کے لیے سستے ہوگئے ہیں۔ مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت کم ہونے کے ساتھ عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کے نرخ نیچے آگئے ہیں۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 1 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 22 ہزار 647 روپے پر آگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس نرخ 35 ڈالر نیچے آنے کے بعد 3 ہزار 538 ڈالر ہوگئے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی اس کمی کا اثر مقامی سونے کے نرخوں پر بھی پڑا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ فی تولہ چاندی 108 روپے سستی ہونے کے بعد 4 ہزار 600 روپے کی سطح پر آگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 93 روپے کمی سے 3 ہزار 943 روپے ہوگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت بھی ایک ڈالر کم ہوکر 41.22 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد خریداروں کو زیورات کی خریداری میں کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔















