اہم خبریں

پاکستان ریلوے کا بڑا فیصلہ، ٹکٹوں کی رقم واپسی کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف

پاکستان ریلوے کا بڑا فیصلہ، ٹکٹوں کی رقم واپسی کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف

اسلام آباد ( اے بی این نیوز)پاکستان ریلوے نے مسافروں کے لیے کرایہ واپسی کے قوانین میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے نیا ڈیجیٹل ریفنڈ نظام نافذ کردیا اور نئے ضابطہ کار بھی جاری کردیے۔

نئے ضابطہ کار کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر ہائر کلاس کے بجائے لوئر کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کو کرایوں کا فرق واپس کیا جائے گا، جبکہ اے سی خراب ہونے یا پاور پلانٹ فیل ہونے کی صورت میں بھی اضافی کرایہ واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان ریلوے نے کرایہ واپسی کے لیے ڈیجیٹل گارڈ سرٹیفکیٹ نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت کنڈکٹر گارڈ جدید ڈیجیٹل ڈیوائس کے ذریعے گارڈ سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔

نئے نظام کے تحت کاؤنٹر سے ٹکٹ خریدنے والے مسافر 7 روز کے اندر ریفنڈ حاصل کرسکیں گے۔ رقم واپسی کے لیے اصل ٹکٹ، گارڈ سرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ کی نقل جمع کرانا لازمی ہوگا۔

آن لائن ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کو رقم خودکار طریقے سے ان کے متعلقہ بینک اکاؤنٹ، کارڈ یا ڈیجیٹل والیٹ میں واپس کردی جائے گی۔

پاکستان ریلوے کے مطابق اگر ٹرین میں بک کرائی گئی کوچ نہ لگائی جائے یا ٹرین منسوخ ہوجائے تو بھی مسافروں کو کرایہ واپس کیا جائے گا، تاہم اس کے لیے ڈویژنل کمرشل افسر کی تصدیق ضروری ہوگی۔

نئے ضابطہ کار کے تحت گارڈ سرٹیفکیٹ جاری ہوتے ہی منسوخ شدہ نشست خودکار طور پر خالی ہوجائے گی، جس کے بعد یہ نشست کسی دوسرے مسافر کو الاٹ کی جاسکے گی۔

پاکستان ریلوے کے چیف کمرشل منیجر کے دفتر نے تمام ریلوے ڈویژنز کو نئے احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے۔
مزید پڑھیں‌:صدر زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات، نئے صوبوں کے معاملے پر بھی گفتگو

متعلقہ خبریں