لاہور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلباء میں الیکٹرک بائیکس کی تقسیم کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے پہلے مرحلے کو دسمبر 2026 تک ملتوی کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے 10 نومبر کو جہلم میں لیپ ٹاپ تقسیم اور ہونہار اسکالرشپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ ای بائیک اسکیم کے تحت طلباء کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی اب دسمبر میں شروع کی جائے گی۔
اس سے قبل بائیکس کی تقسیم کا آغاز 5 نومبر سے ہونا تھا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کو اسکیم کے تحت بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ طلب میں اضافے کے باعث الیکٹرک بائیکس کی تیاری میں بھی وقت لگ رہا ہے، جس کے باعث تقسیم کا عمل مؤخر کرنا پڑا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت طلباء کو سستی اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، خصوصاً ایسے طلباء کو سہولت دینا مقصد ہے جنہیں کالجوں اور یونیورسٹیوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے اسکیم میں درخواست دینے والے طلباء کو ہدایت کی کہ بائیک چلانے سے پہلے مناسب تربیت حاصل کریں، دورانِ سفر ہیلمٹ لازمی پہنیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ذمہ داری کے ساتھ موٹر سائیکل چلائیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ای بائیک اسکیم پنجاب حکومت کے ان اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد طلباء کی روزانہ آمدورفت کو آسان اور کم خرچ بنانا ہے۔ اسکیم کے تحت صوبے بھر کے اہل طلباء میں الیکٹرک بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔
مزیدپڑھیں: آج بروز بدھ 11 نومبر پاکستان کے موسم کی تازہ ترین صورتحال















