ملتان: نئے بجلی کنکشنز کے منتظر صارفین کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے زیر التواء درخواستوں کو جلد نمٹانے اور نئے کنکشنز کی تنصیب میں تیزی لانے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔
میپکو حکام کے مطابق مختلف آپریشن سرکلوں کو نئے بجلی کنکشنز کی تنصیب کے لیے 384 سی ٹی اور 498 ڈی فیوز فٹنگز فراہم کردی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ان صارفین کو جلد بجلی کی سہولت فراہم کرنا ہے جنہوں نے ڈیمانڈ نوٹس کی رقم جمع کرا رکھی ہے لیکن تاحال انہیں کنکشن نہیں مل سکا۔
تفصیلات کے مطابق میپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گل محمد زاہد کی ہدایت پر نئے کنکشنز کے لیے ضروری سامان مختص کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ ملک جاوید اقبال کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ سامان ان صارفین کے لیے مختص کیا گیا ہے جنہوں نے 30 ستمبر 2026 تک اپنے ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی مکمل کرلی تھی۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق سامان ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال، خانیوال، وہاڑی، رحیم یار خان، بہاولنگر اور مظفرگڑھ کے آپریشن سرکلوں کو فراہم کیا گیا ہے۔
میپکو حکام کا کہنا ہے کہ مختص کردہ سامان متعلقہ آپریشن سرکلوں اور فیلڈ اسٹورز کے ذریعے محکمانہ طریقہ کار اور منظور شدہ تخمینوں کے مطابق تقسیم کیا جائے گا، جس سے زیر التواء ڈپازٹ کنکشنز کی تنصیب میں مدد ملے گی۔
اس حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سامان کی بروقت وصولی اور مناسب استعمال یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ نئے بجلی کنکشنز ترجیحی بنیادوں پر نصب کرکے پیش رفت کی رپورٹ میپکو ہیڈ کوارٹر کو بھیجنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اس اقدام سے ان صارفین کو ریلیف ملنے کی امید ہے جو کئی عرصے سے ڈیمانڈ نوٹس جمع کرانے کے باوجود بجلی کے کنکشن کے منتظر ہیں۔















