اہم خبریں

پاکستان نئی آٹو پالیسی 2026، چھوٹی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس نہ لگانے کا اعلان

پاکستان میں نئی آٹو پالیسی 2026 کے تحت کم اور درمیانی آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے مطابق ایک ہزار سی سی یا اس سے کم انجن والی گاڑیوں پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا، تاکہ عام شہریوں کے لیے گاڑی خریدنا نسبتاً آسان ہو سکے۔

اسلام آباد میں پالیسی کے اہم نکات بتاتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت ہے کہ چھوٹی گاڑیوں پر عوام کو ریلیف دیا جائے۔ ان کے مطابق ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیاں بالخصوص مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہمیت رکھتی ہیں۔
نئی پالیسی میں الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری آسان بنانے کے لیے بھی خصوصی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے فنانسنگ کی زیادہ سے زیادہ حد 30 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ قرض کی واپسی کا دورانیہ بھی تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے خریداروں کو اقساط کی ادائیگی کے لیے زیادہ وقت مل سکے گا اور الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری میں سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔
مشیر صنعت و پیداوار کے مطابق گاڑیوں کے معیار اور حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ڈبلیو پی 29 کے مزید 45 حفاظتی معیارات نافذ کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد پاکستان میں تیار ہونے والی اور درآمد کی جانے والی گاڑیوں کو عالمی حفاظتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

آٹو پالیسی میں صارفین کے حقوق کے تحفظ اور کاروباری معاملات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ ہر چھ ماہ بعد تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا، جبکہ گاڑیوں کی بکنگ کے وقت 20 فیصد سے زیادہ ایڈوانس رقم وصول کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

متعلقہ خبریں