اہم خبریں

ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم کے لیے حکومت کا نیا نظام متعارف

حکومت نے ملک میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر بنانے اور اس کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کے لیے نیا نیلامی نظام متعارف کرانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ایل پی جی کی نئی نیلامی کا نظام شفافیت، سپلائی میں بہتری اور صارفین کو مناسب قیمتوں پر گیس کی فراہمی کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔

اس نظام کے تحت مقامی ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے، جبکہ باقی 90 فیصد گیس نجی مارکیٹنگ کمپنیوں کو شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔ نیلامی میڈیا کی موجودگی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عمل میں شفافیت برقرار رہے۔

اس حوالے سے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پیٹرولیم کی صدارت میں ہوا، جس میں نیلامی کے طریقہ کار اور ایل پی جی کی تقسیم سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ طے کیا گیا کہ نیلامی میں ہر اہل کمپنی کو برابر مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاہم کوئی بھی کمپنی روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کر سکے گی۔

اجلاس میں ایل پی جی کی روزانہ پیداوار کی نگرانی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے تاکہ پیداوار اور فراہمی کی صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی کی دستیابی اور غیر منصفانہ قیمتوں سے متعلق عوامی شکایات کا ازالہ حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کے مطابق نیا نظام گیس کی منصفانہ تقسیم، سپلائی چین کے استحکام اور توانائی کے تحفظ میں مدد دے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے فریم ورک کی منظوری دی تھی۔ اب اس نظام کے تحت عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صارفین کو ایل پی جی کی بہتر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں