لاہور (اے بی این نیوز) سوشل میڈیا پر شروع ہونے والی دوستی محبت میں بدل گئی، اٹلی سے تعلق رکھنے والی لڑکی شادی کے لیے پاکستان پہنچ گئی، جہاں دولہا کے اہلخانہ نے لاہور ایئرپورٹ پر اس کا پرتپاک استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق نبیل اعوان اور اطالوی لڑکی کی دوستی تقریباً چھ سال قبل انسٹاگرام پر ہوئی تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ محبت میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں نے زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا فیصلہ کیا اور اہلخانہ کی رضامندی سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
دلہن کی پاکستان آمد پر دولہا کے اہلخانہ نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ شادی کے بعد کلرکہار کے ایک مقامی ہوٹل میں دعوت ولیمہ کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں رشتہ داروں اور دوست احباب نے شرکت کی۔
اہلخانہ کے مطابق نبیل اعوان اور ان کی اطالوی اہلیہ دونوں قوت سماعت سے محروم ہیں، تاہم ایک دوسرے کا ہم سفر بننے پر بے حد خوش ہیں۔ اطالوی دلہن نے پاکستانی لباس زیب تن کیا اور مقامی روایات کو اپناتے ہوئے اہلخانہ اور دیگر مہمانوں کے ساتھ گھل مل گئی۔
چھ سالہ آن لائن دوستی کا ازدواجی رشتے میں بدلنا دونوں خاندانوں کے لیے خوشی کا باعث بن گیا۔
مزیدپڑھیں: ون ڈے ٹرائی سیریز،آئی سی سی کا پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد















