اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے، اب شہریوں کو لائسنس حاصل کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ڈرائیونگ لائسنس گھر کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایات پر ڈرائیونگ لائسنس کی ترسیل کے لیے ٹی سی ایس (TCS) کے ذریعے نئی سروس متعارف کروا دی گئی ہے۔
اس سہولت کے تحت شہری لائسنسنگ کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد اپنا ڈرائیونگ لائسنس فوری طور پر حاصل کر سکتے ہیں یا ٹی سی ایس کے ذریعے گھر پر منگوا سکتے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق اسلام آباد کے رہائشیوں کو ڈرائیونگ لائسنس ایک روز جبکہ دیگر شہروں کے رہائشیوں کو دو روز میں گھر کی دہلیز پر پہنچایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے قیمتی وقت کی بچت اور انہیں غیر ضروری مشکلات سے بچانے کے لیے یہ سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت ختم کرنے کی جانب یہ اہم اقدام ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ مستقبل میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ اور عوامی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
مزیدپڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟















