اسلام آباد (اے بی این نیوز) سرکاری رہائش گاہوں میں مقیم تقریباً 8 ہزار وفاقی ملازمین کرایوں کی عدم ادائیگی کے باعث نادہندہ قرار دے دیے گئے ہیں، جس کے بعد حکومت نے سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری رہائش گاہوں کے کرایوں کی عدم ادائیگی کرنے والے وفاقی ملازمین کی مجموعی تعداد 7 ہزار 973 ہے۔ ان میں کراچی کے 5 ہزار 317 ملازمین شامل ہیں، جو مجموعی نادہندگان کا 74.26 فیصد بنتے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں 2 ہزار 169، لاہور میں 404، پشاور میں 57 جبکہ کوئٹہ میں 26 وفاقی ملازمین کرایوں کی عدم ادائیگی کے باعث نادہندہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ آفس نے سرکاری رہائش گاہوں کے کرائے ادا نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ان کے گھروں کی الاٹمنٹ منسوخ کی جا سکتی ہے۔
مزید برآں، کرایوں کی عدم ادائیگی پر متعلقہ نادہندہ ملازمین کو نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ واجب الادا رقم جمع کرا سکیں۔
حکام کے اس اقدام کے بعد سرکاری رہائش گاہوں کے کرایوں کی وصولی اور نادہندہ ملازمین کے خلاف کارروائی کا عمل تیز ہونے کا امکان ہے۔
مزیدپڑھیں: ڈیلی ویجز ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، تنخواہوں کی ادائیگی کا نیا حکم جاری















