کراچی (اے بی این نیوز) شہر قائد سمیت ملک بھر میں ایل پی جی کی قلت دور ہونے اور قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ پاک ایران سرحد سے ایل پی جی کے باؤزرز کی سپلائی بحال ہونے کے بعد مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق گبد ریمدان بارڈر پر پھنسے ایل پی جی کے 200 سے زائد باؤزرز آج کلیئر ہونے کی امید ہے، جن کے ذریعے تقریباً 3 ہزار سے 4 ہزار ٹن ایل پی جی مارکیٹ میں پہنچ سکتی ہے۔ سپلائی میں اضافے کے باعث ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 50 سے 70 روپے تک کمی متوقع ہے۔
گزشتہ روز بھی ایل پی جی کے دو جہازوں کی آمد ہوئی، جبکہ ایران سے باؤزرز کی سپلائی بحال ہونے سے ملک بھر میں گیس کی فراہمی بہتر ہونے کی امید ہے۔ درآمدی سپلائی میں اضافے سے قلت پر قابو پانے اور صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پورٹ قاسم پر ایل پی جی کے جہازوں سے متعلق سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ پورٹ قاسم کے ترجمان کے مطابق 4 ہزار 520 میٹرک ٹن ایل پی جی والا جہاز لنگر انداز ہو چکا ہے، جبکہ 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی کا کارگو منتقل کرنے والا جہاز روانہ ہو گیا ہے۔
ایل پی جی کی اضافی سپلائی مارکیٹ میں پہنچنے کے بعد قیمتوں میں کمی اور گیس کی دستیابی میں بہتری متوقع ہے، تاہم فی کلو قیمت میں حقیقی کمی کا انحصار مارکیٹ میں سپلائی اور طلب کی صورتحال پر ہوگا۔
مزیدپڑھیں : امارات میں پاکستانی ای پاسپورٹ کا اجرا شروع، فیس کی تفصیلات سامنے آگئیں















