راولپنڈی ( اے بی این نیوز)سہ فریقی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا مشکل ہدف دے دیا۔ انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔
راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم انگلش بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
جو روٹ نے 69 رنز بنائے، ول جیکس 66 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ٹام بیٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیاناگے اور ایستھا فرنینڈو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں دونوں ٹیموں کو اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز جبکہ انگلینڈ کو 87 رنز سے ہرایا تھا۔
دوسری جانب ہیری بروک کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری، شبھمن گل کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے بھارتی بیٹر شبھمن گل کا ڈبل سنچری کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
سہ فریقی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں ہیری بروک نے اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی۔ وہ انگلینڈ کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔
ہیری بروک نے اپنی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے لگائے۔ انہوں نے 114 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کرکے تیز ترین ڈبل سنچری بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی بیٹر شبھمن گل کے پاس تھا، جنہوں نے رواں برس 30 ستمبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 117 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔
ہیری بروک نے صرف 22 دن بعد شبھمن گل کا ریکارڈ توڑ دیا اور انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔
مزید پڑھیں:شیخوپورہ میں بارہ سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق















