اہم خبریں

سلمان علی آغا کی شاندار سنچری، سری لنکا کو مشکل ہدف دے دیا گیا

سلمان علی آغا کی شاندار سنچری، سری لنکا کو مشکل ہدف دے دیا گیا

راولپنڈی (سپورٹس نیوز) تین ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔ قومی ٹیم سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کے باوجود 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنرز صائم ایوب 7 جبکہ فخر زمان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 23 اور دوسری 32 رنز پر گری۔


بعدازاں بابر اعظم اور سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالا اور اسکور 106 رنز تک پہنچایا۔ بابر اعظم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سعد بیگ نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 118 رنز پر گری۔

پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے 97 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ حسن نواز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد عرفات منہاس نے سلمان علی آغا کا ساتھ دیا اور دونوں نے 64 رنز جوڑے۔ عرفات منہاس 18 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 291 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، جبکہ اس سے قبل عرفات منہاس 279 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ آخری اوورز میں پاکستانی بیٹنگ لائن زیادہ رنز نہ بنا سکی اور پوری ٹیم 305 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اختتامی لمحات میں شاہین شاہ آفریدی نے 13 اور فہیم اشرف نے 6 رنز بنائے، جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف کوئی رن نہ بنا سکے۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 جبکہ دلشان مدھوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وکٹ نئی ہے اور اگر پاکستان ٹاس جیتتا تو بھی پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتا۔ انہوں نے 300 رنز بنانے کی کوشش کا بھی ذکر کیا۔
مزید پڑھیں‌:میر رضا کیس کی سیل رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو موصول، حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی

متعلقہ خبریں