اہم خبریں

بی آر ٹی پشاور کے لئے مزید27 بسیں پہنچ گئیں

پشاور(اے بی این نیوز) بی آر ٹی پشاور کے لیے خریدی گئی مزید 27 نئی بسیں آج صبح چمکنی ڈپو پہنچ گئیں، جس کے بعد منصوبے کے لیے خریدی گئی تمام 52 نئی بسوں کی ترسیل مکمل ہوگئی۔

ٹرانس پشاور کے مطابق گزشتہ ماہ 25 نئی بسیں پشاور پہنچائی گئی تھیں، جبکہ آج مزید 27 بسوں کی آمد کے ساتھ تمام نئی بسیں پشاور پہنچ گئی ہیں۔

حکام کے مطابق نئی بسوں کی شمولیت کے بعد بی آر ٹی پشاور کے بسوں کے بیڑے میں مجموعی تعداد 296 ہوگئی ہے، بسوں کی تعداد میں اضافے سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور موجودہ سروس کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ نئی بسوں کی آمد سے بی آر ٹی کے نئے روٹس شروع کرنے میں بھی سہولت ملے گی، جس سے مسافروں کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

دوسری جانب ٹرانس پشاور نے سوشل میڈیا پر نئی بسوں کی نقل و حمل سے متعلق گردش کرنے والی ویڈیوز اور دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔

ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر ان بسوں کی نقل و حرکت کو اس انداز میں پیش کیا گیا جیسے انہیں پشاور سے باہر منتقل کیا جا رہا ہو، حالانکہ حقیقت میں نئی بسیں پشاور لائی جا رہی تھیں۔

ٹرانس پشاور کے مطابق تمام 52 نئی بسوں کی پشاور آمد سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی حقیقت واضح ہوگئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی بسوں کی مکمل ترسیل بی آر ٹی پشاور کی سروس میں بہتری، بسوں کے بیڑے میں اضافے اور مستقبل میں نئے روٹس شروع کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
مزیدپڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج وایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف درخواستیں سماعت کیلئے منظور

متعلقہ خبریں