کوئٹہ (اے بی این نیوز) بلوچستان پولیس کی خاتون افسر اے ایس پی سامعہ سلیم خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کے لیے حوصلے، عزم اور خدمت کی قابلِ تقلید مثال بن گئیں۔
اے ایس پی سامعہ سلیم قبائلی معاشرے میں خواتین کی خدمت، تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ ان کی خدمات اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ بلوچستان پولیس میں خواتین افسران معاشرتی بہتری اور عوامی خدمت کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اے ایس پی سامعہ سلیم کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا خواب ڈاکٹر بننا تھا، تاہم بلوچستان پولیس کا حصہ بن کر انہوں نے خدمتِ انسانیت کا راستہ اختیار کیا۔
سامعہ سلیم کا کہنا ہے کہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنا اور انہیں درپیش مشکلات کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ان کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ وہ خواتین کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ وہ بلاخوف اپنی زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے بلوچستان کی خواتین کو پیغام دیا کہ وہ بھی پولیس فورس کا حصہ بن کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے اور عوام کی خدمت کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔
اے ایس پی سامعہ سلیم کی جدوجہد اس بات کی مثال ہے کہ عزم، حوصلے اور محنت کے ذریعے خواتین نہ صرف اپنے خواب پورے کر سکتی ہیں بلکہ معاشرے میں دوسروں کے لیے بھی مشعلِ راہ بن سکتی ہیں۔
مزیدپڑھیں: آپ کاآج کا دن(جمعہ ) کیسا رہے گا؟















