اہم خبریں

پشاور بی آر ٹی کے تمام زو کارڈز کی نادرا بائیو میٹرک رجسٹریشن لازمی قرار

پشاور (اے بی این نیوز) پشاور بی آر ٹی کے زو پشاور سسٹم پر سفر کے لیے استعمال ہونے والے تمام زو کارڈز کی نادرا کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق اور رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

ٹرانس پشاور کے مطابق زو کارڈز کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ یکم جنوری 2027 سے غیر رجسٹرڈ کارڈز بلاک کر دیے جائیں گے اور انہیں سفر کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔

مسافر تمام بی آر ٹی اسٹیشنوں کے ٹکٹ کاؤنٹرز پر اسٹیشن کے اوقاتِ کار کے دوران رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے اصل شناختی کارڈ اور زو کارڈ پیش کرنا ضروری ہوگا۔ رجسٹریشن فیس 10 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ٹرانس پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید مرتضیٰ اصغر بخاری نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ سے قبل رجسٹریشن مکمل کر لیں تاکہ آخری دنوں میں رش اور سفری مشکلات سے بچا جا سکے۔

18 سال سے کم عمر بچوں کے زو کارڈز کی رجسٹریشن ب فارم یا والدین اور سرپرست کے شناختی کارڈ کے ذریعے بھی کی جا سکے گی، جس کے لیے متعلقہ دستاویزات اور بائیو میٹرک تصدیق درکار ہوگی۔ غیر ملکی مسافر زو ایپ یا سنگل جرنی ٹکٹ کے ذریعے بی آر ٹی پر سفر کر سکیں گے۔
مزیدپڑھیں: موبائل فون خریدنے سے پہلے پی ٹی اے تصدیق لازمی، رجسٹریشن کا آسان طریقہ بھی جان لیں

متعلقہ خبریں