اہم خبریں

گندم کی نئی قیمت کیا ہوگی؟ وزیراعظم شہباز شریف کا اہم اعلان

گندم کی نئی قیمت کیا ہوگی؟ وزیراعظم شہباز شریف کا اہم اعلان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبوں کے ساتھ مشاورت مکمل ہونے کے بعد گندم کی قیمت کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی بوائی سے پہلے اس کی مناسب قیمت کا تعین ضروری ہے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا درست معاوضہ مل سکے اور صارفین کو سستی گندم دستیاب ہو۔

اسلام آباد میں قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس شعبے میں ترقی کے ذریعے معیشت کو مختصر مدت میں آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، مصدق ملک، جام کمال، احد خان چیمہ، احسن اقبال، عطا تارڑ، خالد حسین مگسی، میاں معین وٹو، رانا ثنا اللہ اور ہارون اختر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر زراعت سندھ مخدوم محبوب الزمان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو زراعت کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ کم لاگت پر کھاد، معیاری بیج، زرعی مشینری، پانی کے بہتر استعمال کے آلات اور جدید تکنیکی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت دلانا ضروری ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کو گندم کا درست معاوضہ ملے اور صارفین کو بھی سستی گندم فراہم کی جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم وافر مقدار میں موجود ہے، تاہم ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے لائیو اسٹاک کے شعبے کو بھی ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حلال گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے سندھ میں کسانوں کی ترقی اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ زراعت کے شعبے میں بہتری کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ گندم کی قیمت کا فیصلہ صوبوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا اور مشاورت مکمل ہوتے ہی نئی قیمت کا اعلان کردیا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق فیصل واوڈا کا اہم دعویٰ سامنے آگیا

متعلقہ خبریں