اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم کشمیر، بالائی پنجاب اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم لاہور سمیت بالائی پنجاب کے بعض اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور جہلم سمیت بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بھی مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم بعض علاقوں میں موسم گرم رہ سکتا ہے۔ زیارت اور ملحقہ علاقوں میں بھی خشک موسم متوقع ہے۔
کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح کم سے کم درجہ حرارت اسلام آباد میں 21، لاہور 26، کراچی 27، پشاور 23، کوئٹہ 15، گلگت 11، مری 12 اور مظفرآباد میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اکتوبر سے بالائی علاقوں میں کمزور مغربی ہواؤں کا نظام داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے زیر اثر بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان رہے گا۔
مزید پڑھیں:فیول سبسڈی سکیم ختم کرنے کا مطالبہ، آئی ایم ایف کی اہم ہدایت سامنے آگئی















