اہم خبریں

فیول سبسڈی سکیم ختم کرنے کا مطالبہ، آئی ایم ایف کی اہم ہدایت سامنے آگئی

فیول سبسڈی سکیم ختم کرنے کا مطالبہ، آئی ایم ایف کی اہم ہدایت سامنے آگئی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا، جس میں وسیع پیمانے پر دی جانے والی فیول سبسڈی سکیم فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد پاکستان کو ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی رقم مل جائے گی، جبکہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ بھی ایک ارب 21 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے گا۔

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی اہداف کے حصول کے لیے بہترین کوششیں کیں۔ آئی ایم ایف پروگرام کے باعث پاکستان میں معاشی استحکام آیا اور اصلاحات کا عمل تیز ہوا۔

اعلامیے کے مطابق جولائی 2025 سے مارچ 2026 کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 4 فیصد رہی، تاہم مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث شرح نمو 3.6 فیصد تک متاثر ہوئی۔ مئی 2026 میں افراط زر بلند ترین سطح پر پہنچا، جبکہ ترسیلات زر نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو قابو میں رکھنے میں مدد دی۔

آئی ایم ایف نے پیٹرول سبسڈی سکیم مرحلہ وار ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبسڈی کو مزید وسعت نہ دی جائے اور اسے صرف مستحقین تک محدود رکھا جائے۔ مہنگی اور وسیع پیمانے پر دی جانے والی فیول سکیم فوری ختم کی جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں فیول سپورٹ محدود، ہدفی اور مخصوص مدت تک ہونی چاہیے۔

آئی ایم ایف نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور واجبات کی وصولی بہتر بنانے، پیداواری لاگت کم کرنے اور گیس سیکٹر میں وصولیاں بڑھانے پر بھی زور دیا ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق اسٹیٹ بینک کو مہنگائی کو مناسب حد میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنی چاہیے، جبکہ پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنا ہوگا۔

آئی ایم ایف نے توانائی کے شعبے میں بروقت ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور لاگت کم کرنے والی اصلاحات کو بھی ناگزیر قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں‌:امریکا ایران کشیدگی برقرار، جے ڈی وینس کا ایران سے بڑا مطالبہ سامنے آگیا

متعلقہ خبریں