اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے فرسٹ ایئر پری انجینئرنگ نتائج 2026 کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ نتائج چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو کی ہدایت پر جاری کیے گئے، جبکہ ناظم امتحانات زرینہ راشد نے کامیاب امیدواروں کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔
بورڈ حکام کے مطابق انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات میں مجموعی طور پر 15 ہزار 44 طلبہ نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے 14 ہزار 683 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔
نتائج کے مطابق 6 ہزار 310 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب قرار پائے، جبکہ 79 طلبہ نے پانچ پرچوں، 747 نے چار پرچوں، 1827 نے تین پرچوں، 1864 نے دو پرچوں اور 1783 امیدواروں نے ایک پرچے میں کامیابی حاصل کی۔
تعلیمی بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال نتائج نئے گریڈنگ سسٹم کے تحت مرتب کیے گئے ہیں۔ انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (IBCC) اور محکمہ جامعات و بورڈز سندھ کے فیصلے کے مطابق انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے امتحانات میں پہلی مرتبہ جدید گریڈنگ نظام نافذ کیا گیا ہے۔
نئے قواعد کے تحت کسی بھی مضمون میں 40 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے امیدوار کو “ان گریڈڈ” قرار دیا جائے گا اور اسے اس مضمون میں کامیاب تصور نہیں کیا جائے گا۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے طلبہ جو دیگر تمام شرائط پوری کرتے ہوں، انہیں صرف اسی مضمون کا دوبارہ امتحان دینا ہوگا جس میں مطلوبہ نمبر حاصل نہیں ہو سکے۔
فرسٹ ایئر پری انجینئرنگ نتائج کے اعلان کے بعد طلبہ اور والدین نے تفصیلی مارک شیٹس اور گریڈز حاصل کرنے کے لیے بورڈ کی ویب سائٹ اور متعلقہ اداروں سے رابطہ شروع کر دیا ہے۔















