دنیا بھر کے طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی ماہرین کی توجہ کا مرکز بننے والی 2027 کی ٹاپ یونیورسٹیز کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے، جس میں پاکستان کی متعدد جامعات نے بھی جگہ بنائی ہے۔ تاہم ملک کی کوئی بھی یونیورسٹی عالمی سطح پر ٹاپ 500 میں شامل نہیں ہو سکی۔
ٹائمز ہائیر ایجوکیشن (THE) کی جانب سے جاری کردہ سال 2027 کی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں 118 ممالک اور خطوں کی 2,297 جامعات کا جائزہ لیا گیا۔ اس فہرست میں تحقیقی معیار، تدریسی کارکردگی، بین الاقوامی تعاون اور تعلیمی اثرات سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔
پاکستانی جامعات میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سب سے نمایاں رہی، جسے عالمی سطح پر 551 سے 600 کے رینکنگ بینڈ میں شامل کیا گیا۔ اس کے بعد نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) 601 سے 650 کے زمرے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔
کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 651 سے 700 کے بینڈ میں شامل ہے، جبکہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور یونیورسٹی آف لاہور مشترکہ طور پر 701 سے 800 کے درجے میں موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 19 پاکستانی جامعات 801 سے 1000 کے رینکنگ بینڈ میں شامل ہیں۔ ان میں لمز، ایئر یونیورسٹی، جی آئی کے آئی، جی سی یونیورسٹی لاہور، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف پنجاب، اسلامیہ کالج پشاور اور دیگر اہم تعلیمی ادارے شامل ہیں۔
اسی طرح 12 جامعات 1001 سے 1200 کے زمرے میں شامل کی گئی ہیں، جبکہ مزید 12 پاکستانی ادارے 1201 سے 1500 پلس کیٹیگری میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق 2027 کی ٹاپ یونیورسٹیز کی یہ درجہ بندی پاکستانی جامعات کے لیے عالمی سطح پر اپنی تعلیمی اور تحقیقی کارکردگی مزید بہتر بنانے کا اہم موقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تحقیق، جدت اور بین الاقوامی شراکت داری پر توجہ دے کر پاکستانی یونیورسٹیاں مستقبل میں مزید بہتر عالمی مقام حاصل کر سکتی ہیں۔















