لاہور (اے بی این نیوز)لاہور کی ٹمبر مارکیٹ سے بھاری نقدی سمیت ملنے والا بیگ مالک تک پہنچانے والے ٹریفک وارڈن سہیل وزیر ڈوگر کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک وارڈن سہیل ڈوگر کی ایمانداری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹریفک وارڈن سہیل ڈوگر کی ایمانداری اور فرض شناسی متاثر کن ہے۔ اگر ہر پاکستانی ایمانداری اور دیانت داری کا رویہ اپنا لے تو ہمارا ملک بہت آگے جا سکتا ہے۔
سہیل ڈوگر نے معمول کی گشت کے دوران سڑک پر موجود ایک بیگ اپنی تحویل میں لیا تھا۔ بیگ میں بھاری نقدی کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات بھی موجود تھے۔
ٹریفک وارڈن نے بیگ میں موجود دستاویزات کی مدد سے مالک کو تلاش کیا اور نقدی سمیت بیگ بحفاظت اس کے حوالے کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سہیل ڈوگر کی اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے ان کی دیانت داری کو سراہا۔
مزید پڑھیں:ایرانی صدر امریکا پہنچ گئے، جنرل اسمبلی اجلاس میں خصوصی سیکیورٹی فراہم















